64

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 60 ہزار سے زائد ہوگئی، اموات کا سلسہ بھی نہ رک سکا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) عالمی وبا کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں 55 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی اس وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ اموات کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت مصدقہ کیسز کی تعداد 60 ہزار 74 ہوچکی ہے جبکہ اموات 1239 تک پہنچ گئی ہیں۔

ملک میں اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور اب اس وائرس کو 3 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم اس دوران یہ وائرس آہستہ آہستہ ملک میں اپنے پنجے گاڑتا گیا۔

فروری کے 4 روز اور مارچ کے آخر تک اس وائرس کے کیسز کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہوا جو بعد ازاں مئی میں دگنی حد تک بڑھ گیا۔

گر صرف کیسز میں تیزی کا جائزہ لیں تو مارچ کے آخر تک 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں جو اپریل کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئی۔

تاہم مئی میں ان کیسز کی تعداد بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یومیہ ہزار سے زائد کیسز آرہے ہیں، جس کے باعث مئی کے 26 دنوں میں 41 ہزار سے زائد کیسز اور 825 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (27 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز اور اموات کی تعداد بڑھی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ سامنے آیا۔

اسلام آباد:-
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے مزید افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 151 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی۔

جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 1728 سے بڑھ کر 1879 تک پہنچ گئی جبکہ اموات کی تعداد 18 ہوگئی۔

پنجاب:-
پنجاب سے منگل کو کورونا کے مزید 464 کیسز رپورٹ ہوئے اور 10 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 21,118 اور اموات 362 ہوگئی ہیں۔


گذشتہ روز پنجاب سے کورونا کے 577 کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور 15 ہلاکتیں بھی سامنے آئی تھیں۔

صوبے میں اب تک کورونا سے 6,185 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

سندھ:-
سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 699 نئے کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2177 ٹیسٹ کیے جس میں سے 699 مثبت آئے، اس طرح صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 24 ہزار 206 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے مجموعی اموات 380 تک پہنچ گئیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے میں 235 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 42 وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔

بلوچستان:-
بلوچستان میں منگل کو مزید 68 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 3536 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اموات کی کُل تعداد 41 ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی تعداد 1156ہے۔

خیبرپختونخوا:-
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 224 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 8483 ہوگئی۔


کورونا سے پشاور میں 7 جبکہ سوات اور کوہاٹ میں ایک، ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی۔

اس اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 425 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان:-
ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وبا کے مزید 8 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک فرد اس وائرس سے انتقال کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 630 سے بڑھ کر 638 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں علاقے میں ہونے والی مزید ایک موت کے بعد وہاں اب تک اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر:-
اسی طرح آزاد کشمیر جو اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے وہاں کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بن گئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 211 سے بڑھ کر 214 ہوگئی جبکہ اموات 2 سے بڑھ کر 4 ہوگئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں