13

پاکستانی آرٹسٹ کا جارج فلائیڈ کو منفرد خراج تحسین

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کے ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے امریکی پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کو شوخ رنگ کے منفرد ٹرک آرٹ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے اپنے گھر کی دیوار پر سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی تصویر اور اس کے اردگرد مختلف رنگوں کی مدد سے ٹرک آرٹ بنا کر دنیا کو نسل پرستی کے خلاف مساوات کا پیغام دیا۔

ٹرک آرٹسٹ نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوتے ٹرک آرٹ بنانے کے ساتھ ساتھ اس پر پیغام بھی لکھا کہ ‘ہم کالے ہیں تو کیا دل والے ہیں’، علاوہ ازیں انہوں نے اپنی آرٹ میں ایک اور مصرع لکھا کہ ‘گوروں کی نہ کالوں کی، دنیا ہے دل والوں کی’۔

حیدر علی نے نسل پرستی کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا کہ سیاہ رنگت کائنات میں بڑی اہمیت رکھتی ہے، ہم اس ہی سیاہ رنگت کی بدولت آسمان پر خوبصورت جگمگاتے تارے دیکھ پاتے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر مینی پولِس میں 25 مئی 2020 کو سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں 45 سالہ سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ ہلاک ہوگیا تھا۔

مینی پولس میں سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس نے امریکا کی کئی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں