63

پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد ایک ہزار سے زائد، مصدقہ کیسز 49 ہزار سے زائد ہوگئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں پھیلنے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ چکا ہے اور آئے روز اس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔

ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 20 افراد انتقال کرگئےجس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1037 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 49051 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 351 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 336 اور پنجاب میں 297 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 38، اسلام آباد 10، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

اگر ملک کی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو ابتدا میں یہ وائرس اتنی تیزی سے نہیں پھیلا تاہم اب ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کے کیسز میں اضافہ ہورہا جبکہ اموات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

پاکستان میں 26 فروری سے 31 مارچ تک لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں جس میں اپریل میں اضافہ ہوا اور 30 اپریل تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور اموات 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی کے آغاز سے ہی اس وائرس کی ایک نئی لہر دیکھنے میں آئی اور پاکستان میں صرف مئی کے گزشتہ 19 روز میں 28 ہزار سے زائد کیسز اور 584 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج کے کیسز کی صورتحال:-

آج ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 1072 کیسز اور 20 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 960 کیسز 20 ہلاکیں، اسلام آباد 97 اور آزاد کشمیر سے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد:-

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 97 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1235 ہوگئی ہے جب کہ 10 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 151 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

پنجاب:-

پنجاب میں بدھ کو کورونا کے مزید 697 کیسز اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 17382 ہوگئی ہے جب کہ 297 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبے میں اب تک 5112 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

سندھ:-

آج بروز جمعرات سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 960 کیسز سامنے آئے اور 20 ہلاکتیں ہوئیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مرد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 19924 اور ہلاکتیں 336 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق مزید 680 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6325 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا:-

محکمہ صحت خبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 261 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 6815 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 351 ہوگئی ہے۔

بلوچستان:-

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 83 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2968 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں فعال کیسز کی تعداد 2294 ہے جبکہ 636 افراد اس مرض سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان:-

ادھر گلگت بلتستان میں بھی اس عالمی وبا کے نئے متاثرین کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا وبا کے مزید 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

جس کے بعد علاقے میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 579 ہوگئی۔

آزاد کشمیر:-

اسی طرح وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

ان نئے مریضوں کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 115 سے بڑھ کر 133 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد:-

دوسری جانب ان کیسز کے باوجود لوگ اس وائرس کو تیزی سے شکست دے کر صحتیاب ہورہے ہیں۔

ملک میں کیسز میں اضافے کی طرح اس شرح میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج بھی 612 مریض شفایاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر 14155 تک جاپہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں