42

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 40 ہزارسے زائد ہوگئی، اموات 875 ہوگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کے مریض ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور آج آنے والے نئے متاثرین کے بعد ملک میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز 40 ہزار 555 جبکہ اموات 875 ہوگئی ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 826 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے اس مہلک کورونا وائرس کا اگرچہ پاکستان میں پھیلاؤ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی دیر سے شروع ہوا تاہم اب روز بروز اس کے کیسز میں اضافہ تشویش ناک صورتحال کی طرف معاملات جانے کا اشارہ ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس  26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا جبکہ اس وائرس سے ملک میں پہلی موت 18 مارچ کو سامنے آئی۔

وائرس کے ملک میں آنے کے ساتھ ہی مختلف سطح کی بندشیں اور بعد ازاں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس میں 2 مرتبہ توسیع کے بعد اب مرحلہ وار نرمی کی جارہی ہے۔

اگرچہ فروری اور مارچ کے مہینے میں وائرس کا پھیلاؤ اور اموات کی تعداد کم تھی تاہم جوں جوں ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہوا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ٹیسٹ کیے جانے لگے مثبت کیسز کے آنے کا سلسلہ بھی بڑھ گیا۔

صرف مئی کے ابتدائی 16 روز کے کیسز گزشتہ 2 ماہ کے کیسز سے زیادہ رہے جبکہ اموات کی صورتحال بھی اسی طرح نظر آئی۔

ملک میں پہلے کیس سے 30 اپریل تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے جبکہ اموات 385 تھی۔

تاہم یکم سے 16 اپریل تک 23 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے جبکہ 481 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

تاہم یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ کیسز میں اضافہ کی ایک وجہ ٹیسٹنگ میں اضافہ ہونا ہے اور گزشتہ روز قومی کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان نے وبا کے آغاز سے اب تک اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں 30 گنا اضافہ ہوا اور اس نے ایک روز میں اب تک کے ریکارڈ 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے۔

علاوہ ازیں آج (17 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

اسلام آباد:-

اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 26 متاثرین سامنے آگئے۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ان نئے مریضوں کے بعد متاثرین کی تعداد 921 سے بڑھ کر 947 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ:-

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 787 نئے کیسز اور 9 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 787 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 16377 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد مجموعی اموات 277 تک پہنچ گئیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں اس وقت 114 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 31 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

گلگت بلتستان:-

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 9 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک کورونا وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 518 سے بڑھ کر 527 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر:-

مزید برآں اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے نئے مریض آئے۔

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے ساتھ ہی وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 112 ہوگئی۔

صحتیاب افراد:-

علاوہ ازیں پاکستان میں وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی 11 ہزار سے زائد ہوگئی۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 461 مریض اس مرض سے صحتیاب ہوگئے۔

جس کے ساتھ ہی ملک میں اب تک اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 10880 سے بڑھ کر 11341 تک جا پہنچی۔

مجموعی صورتحال:-

ان تمام کیسز کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر غور کریں تو اس وقت 40 ہزار 555 مصدقہ کیسز میں سے 875 وفات جبکہ 11341 شفا پاچکے ہیں تو اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 28 ہزار 339 ہے۔

سندھ میں اس وقت کیسز 16 ہزار 377 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 14 ہزار 201 ہوچکی ہے۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا نے 4 ہزار 847 لوگوں کو متاثر کیا ہے تو وہی بلوچستان میں یہ تعداد 2 ہزار 544 ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے 947 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ گلگت بلتستان میں 527 اور آزاد کشمیر میں 112 لوگوں میں اس وبا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

 ملک میں اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جہاں 305 افراد جانبحق ہوئے، سندھ میں 277 افراد، پنجاب میں 245 افراد، بلوچستان میں 36 افراد، اسلام آباد میں 07 افراد، گلگت بلتستان میں 04 افراد جبکہ آزاد کشمیرمیں ایک شخص اس مہلک وائرس سے جانبحق ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں