32

پاکستان میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری، متاثرین کی تعداد 35 ہزارسے زائد ہو گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) دنیا بھر کو لپیٹ میں لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اب تک پاکستان میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 35 ہزار 67 ہوگئی جبکہ 753 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔

سرکاری سطح پر کورونا وائرس کے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق آج (13 مئی کو) مزید 2150 نئے کیسز کی تصدیق کی جاچکی ہے۔

پاکستان میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کراچی میں ہوئی تھی، ابتدا میں ملک میں وائرس کا پھیلاؤ سست تھا لیکن گزرتے وقت کے ساتھ اس میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پورے ملک میں بتدریج لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس میں 2 مرتبہ توسیع بھی کی گئی بعد ازاں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا۔

لاک ڈاؤن کے باوجود مارچ اور اپریل میں کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔

تاہم مئی کے آغاز سے ہی ملک میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات کی شرح میں مزید تیزی آئی جس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ یکم مئی سے لے کر اب تک صرف 13 دن میں 15 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسلام آباد:-

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اب کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جہاں مزید 43 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے اضافے کے بعد اسلام آباد میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 716 سے بڑھ کر 759 ہوگئی۔

پنجاب:-

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 356 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق نئے کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 13 ہزار 225 ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید3 افراد انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی214 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ تمام نئے کیسز عام شہریوں میں سامنے آئے جن میں سب سے زیادہ 816 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے۔

سندھ:-

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 731 کیسز اور 16 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 731 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 13 ہزار 341 ہوگئی۔


وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مزید 16 اموات کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 234 ہوگئی۔

آزاد کشمیر:-

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق مزید 2 کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرہ افراد کی تعداد 86 سے بڑھ کر 88 ہوگئی۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے اور گزشتہ روز وہاں پہلی موت کی تصدیق کی گئی تھی۔

گلگت بلتستان:-

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور آج مزید 18 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 457 سے بڑھ کر 475 ہوگئی۔

صحتیاب افراد:-

تاہم جہاں پاکستان میں کورونا وائرس کے مریض اور اس سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں اس مرض کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

پچھلے 24 گھنٹوں میں ملک میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید 257 افراد کا اضافہ ہوا۔

جس کے ساتھ ہی پاکستان میں اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد 8555 سے بڑھ کر 8812 ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں