34

کورونا وائرس کے وارجاری، مصدقہ مریضوں کی تعداد 24 ہزارسے زائد ہوگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اور اس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 585 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 24648 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 203 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 182 اور سندھ میں 171 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 22، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج کی صورتحال:-

ملک بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں اورآج بروز جمعرات ملک بھر سے کورونا کے مزید 607 کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سندھ سے 453 کیسز 14 ہلاکتیں، پنجاب میں 118 کیسز 7 ہلاکتیں، اسلام آباد 36 کیسز اور بلوچستان ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔

اسلام آباد:-

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 521 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پنجاب:-

پنجاب میں جمعرات کو کورونا کے مزید 118 کیسز اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے کی ہے۔

صوبے میں کورونا کےکیسز کی مجموعی تعداد 9195 اور ہلاکتیں 182 تک جا پہنچی ہیں۔

پنجاب میں کورونا سے اب تک 3201 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

سندھ:-

سندھ سے آج کورونا کے مزید 453 کیسز رپورٹ ہوئے اور 14 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 9093 اور ہلاکتیں 171 ہوگئی ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 122 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1853 ہوگئی ہے۔

بلوچستان:-

بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم کورونا سے ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے کی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

صوبے میں بدھ کو مزید 168 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1663 ہوگئی۔

صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 206 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا:-

خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 203 تک جاپہنچی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 213 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3712 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت نے بتایاکہ صوبے میں اب تک کورونا سے 939 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان:-

گلگت بلتستان میں بدھ کو مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 388 تک پہنچ گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ اب تک 282 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر:-

آزاد کشمیر سے بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 76 ہوگئی ہے اور 54 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر جزوی طور پر لاک ڈاؤن جاری ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں