80

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد3121 ہوگئی، 45 افراد جانبحق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 45 جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3121 ہو گئی ہے۔

آج پاکستان میں کورونا وائرس سے صوبہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے. ملک میں اب تک کورونا سے ہونے والی 45 ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 15 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں جب کہ خیبرپختونخوا میں 14، پنجاب میں 12، گلگت میں 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال:-

ملک بھر میں آج 353 کیسز سامنے آئے جن میں سے پنجاب میں 293، سندھ میں 51، بلوچستان، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3121 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد:-

وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آنے کے بعد مزیضوں کی مجموعی تعداد 78 ہو گئی ہے۔

پنجاب:-

پنجاب میں آج اب تک مزید 293 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1380 ہو گئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق 600 عام شہریوں، 443 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 309 زائرین سینٹرز اور 28 قیدیوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ وائرس سے متاثرہ 6 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

سندھ:-

سندھ میں آج ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 51 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 881 ہوگئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہروفیروز میں 2 جبکہ سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔

سندھ میں آج مزید کئی مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا:-

سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 372 ہے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 30 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

بلوچستان:-

ببلوچستان میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 3 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 189ہو گئی ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان:-

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 206 ہوگئی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر:-

آزاد کشمیر میں آج مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹرنجیب نقی کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے جنہیں آئسو لیشن میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں