65

پاکستان میں کورونا وائرس سے 43 جانبحق، کیسز 28 سو سے زائد ہوگئے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 43 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2818 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں ۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہفتہ کو ملک بھر سے 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو سندھ اور خیبرپختونخوا میں ہوئیں.

کورونا وائرس کی تازہ صورتحال:-

آج بروز ہفتہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 231 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔

اسلام آباد:-

آج بروز ہفتہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 7 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہوگئی ہے۔

پنجاب:-

آج پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 60 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1072 ہوگئی ہے البتہ صوبائی حکومت کی جانب سے اب تک 1069 کیسز کی تصدیق سامنے آسکی ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں 1069 کیسز کی تصدیق کی تھی۔

صوبے میں اب تک کورونا سے 11 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

عثمان بزدار کے مطابق لاہور میں 210، ننکانہ 13، قصور 1، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 55، جہلم 29، اٹک 1، گوجرانوالہ 15، سیالکوٹ 2، نارووال 2، گجرات 95، حافظ آباد 5، منڈی بہاؤالدین 14، ملتان 2، وہاڑی 19، فیصل آباد 9، چنیوٹ 1، رحیم یار خان 5، سرگودھا 10، میانوالی 3، خوشاب 1، بہاولنگر 3، بہاولپور 2، لودھراں 2، لیہ 1 اور ڈی جی خان میں 5 مریض ہیں۔

پنجاب میں اب تک ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

جب کہ صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ:-

سندھ میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے اب تک مزید 56 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 بتائی گئی ہے۔

جب کہ صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے 47 نئے کیسز کے ساتھ 830 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے اور صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 38، حیدرآباد 1، بدین 1، جامشورو 2 اور ٹنڈو محمد خان میں 5 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ کیسز کراچی میں ہیں جن کی تعداد 380 ہے۔

بروز جمعہ صوبے میں کورونا وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے 2 کراچی اور ایک حیدرآباد سے رپورٹ ہوئی۔

سندھ میں اب تک کورونا سے ہونے والی 14 ہلاکتوں میں سے صرف کراچی میں 12 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ حیدرآباد میں تعداد 2 ہے۔

اس کے علاوہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے کل 65 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا :-

صوبے میں جمعہ کے روز کورونا سے مزید 2 افراد کی ہلاکت ہوئی جس کے بعد کے پی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

جب کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 343 ہے۔

بلوچستان:-

بلوچستان میں جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 175 ہوگئی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان:-

بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 193 ہوگئی ہے۔

مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق نئے کیسز استور، نگر اور گلگت سے سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر:-

آزاد کشمیر میں آج بروز ہفتہ کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے، نئے کیسز کے بعد علاقے میں مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

لاک ڈاؤن جاری:-

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں …

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

پاکستان میں کورونا وائرس سے 43 جانبحق، کیسز 28 سو سے زائد ہوگئے” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں