47

پاکستان میں کورونا وائرس سے 40 افراد جانبحق، کیسز کی تعداد 26 سو سے زائد ہوگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2637 ہوگئی ہے۔

گزشتہ روز یعنی 2 اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید 181 کیسز اور 3 اموات ریکارڈ کی گئیں جس میں 2 افراد کی سندھ اور ایک کی خیبرپختونخوا میں موت واقع ہوئی۔

26 فروری کو پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آیا جس کے بعد اس عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

کورونا وائرس کی تازہ صورتحال:-

اس وقت پنجاب اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد 1069 ہوگئی ہے، اس کے بعد سندھ ہے جہاں آج کے نئے کیسز کے بعد تعداد 783 تک جا پہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا بھی اس وائرس سے کافی متاثر ہوا اور وہاں 343 افراد اس کا شکار ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 175 ہے۔

اسی طرح اسلام آباد میں 68 ، گلگت بلتستان میں 190 اور آزاد کشمیر میں 9 لوگ اس مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کو دیکھیں تو سندھ میں سب سے زیادہ 14 لوگ انتقال کرچکے ہیں جبکہ پنجاب میں 11، خیبرپختونخوا میں 11، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں ایک فرد جان کی بازی ہار چکا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سندھ میں ہونے والی ان 14 میں سے 12 اموات کراچی میں جبکہ 2 اموات حیدر آباد میں ہوئیں۔

ایک طرف جہاں اموات اور کیسز ہیں تو دوسری طرف وہ 126 صحتیاب مریض بھی ہیں جنہوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ جیتی اور مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔

آج کے کیسز کی بات کریں تو سندھ میں دو اموات اور کیسز، پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مزید کیسز سامنے آئے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت میں ایک اور موت کی تصدیق کردی گئی۔

اسلام آباد:-

آج بروز جمعہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کےمزید 6 کیسز سامنے آئے ہیںجو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی ہے۔

پنجاب:-

پنجاب میں آج بروز جمعہ کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 928 ہوگئی جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان میں 213 زائرین اور ملتان میں 91 زائرین کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

اس کےعلاوہ گوجرانوالہ 14، وہاڑی 8، ڈی جی خان 5، جہلم 28، سرگودھا 10، حافظ آباد 5، لاہور 204، راولپنڈ 53، اٹک 1، قصور 1، رائیونڈ قرنطینہ 142، ملتان 2، میانوالی 3، بہاولنگر 3، فیصل آباد قرنطینہ 5، منڈی بہاؤالدین 14، ننکانہ صاحب 13، لودھراں 2، فیصل آباد 9، نارووال 2، خوشاب 1، لیہ 1، گجرات 91، رحیم یار خان 3 جب کہ بہاول پور اور سیالکوٹ میں ایک ایک مریض ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں اب تک کورونا کے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی 11 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 5، راولپنڈی میں 4 اور رحیم یار خان، فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

سندھ:-

سندھ میں آج مزید 2 افراد مہلک وائرس  کے باعث جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 13 تک جاپہنچی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ جاں بحق مریضوں کی عمریں 80 اور 60 سال تھیں جن کے یکم اپریل کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے، دونوں افراد میں وائرس مقامی سطح پر منتقل ہوا۔

سندھ کے محکمہ صحت کی سمری کے مطابق صوبے میں اب تک 42 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 783 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں مزید 18، سکھر 8، حیدرآباد 14اور گھوٹکی میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صرف کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد 342 ہے۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 12 ہلاکتیں کراچی  اور ایک ٹنڈو محمد خان میں ہوئی جب کہ صوبے بھر میں اب تک 65 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا:-

خیبرپختونخوا میں جمعرات کو کورونا کے 58کیسز اور مزید 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 311 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے 3 مریضوں میں سے ایک کا تعلق بنوں، ایک کا نوشہرہ اور ایک کا بونیر سے ہے۔

صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کی جانب سے ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔

صوبائی وزیر صحت کی جانب سے جاری سمری کے مطابق صوبے میں اب تک وائرس سے 30 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان:-

بلوچستان میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 169 ہوگئی جب کہ صوبائی محکمہ صحت نے مجموعی کیسز کی تصدیق کی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 17 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان:-

آج بروز جمعہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں جس کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 190 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے ان کیسز کی فی الحال تصدیق نہیں کی گئی ہے البتہ محکمہ اطلاعات کی جانب سے کورونا سے 8 افراد کے شفایاب ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر:-

آزاد کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

لاک ڈاؤن میں توسیع:-

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں 23 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن میں 14 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں…

سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ:-

پاکستان میں کورونا وائرس کے بچا ؤ کے لیے سندھ حکومت نے آج جمعے کو دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کی گیا ۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کے فیصلے سے علماء متفق ہیں۔ مزید پڑھیں..

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں