35

کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 31، متاثرہ افراد کی تعداد 22 سو سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد 2238 تک جا پہنچی ہے جبکہ اب تک اس عالمی وبا سے 31 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

اگرچہ 26 فروری کو اس وائرس کا پہلا کیس پاکستان میں سامنے آیا تھا اور 29 فروری تک یہ کیسز صرف 4 تک محدود تھے تاہم مارچ کے مہینے میں ان کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا اور تقریباً 2 ہزار افراد صرف مارچ کے مہینے میں اس وائرس کا شکار ہوئے۔

یہی نہیں بلکہ 18 مارچ کو اس وائرس سے پاکستان میں پہلی ہلاکت سامنے آئی اور 31 مارچ تک یہ اموات 26 تک جاپہنچی تھی۔

مجموعی طور پر ملک کی صورتحال کی بات کریں تو کورونا وائرس کے پہلے کیس کے ساتھ ہی پہلے صوبہ سندھ اور بعد ازاں ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا، بعد ازاں کاروباری مراکز، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، مالز، پارکس، تفریحی مقامات، اشیائے ضروریہ کے سوا دیگر دکانیں اور مختلف مقامات کو بند کردیا گیا تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

ملک بھرمیں آج کی صورتحال:-
پاکستان میں آج اب تک کورونا وائرس کے 86 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سندھ میں 33، بلوچستان 4، گلگت میں 6، آزاد کشمیر 3 اور پنجاب میں 40 کیسز آچکے ہیں۔

اسلام آباد:-
سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں منگل کو کورونا وائرس کے 7 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔

تاہم آج بدھ کے روز سرکاری پورٹل پر اسلام آباد کے کیسز میں کمی کی گئی ہے اور یہ تعداد 54 بتائی گئی ہے۔

پنجاب:-

ادھر پنجاب میں مزید 137 کیسز سامنے آنے سے صوبے میں متاثرین کی تعداد 845 تک پہنچ گئی۔

ترجمان محکمہ صحت قیصر آصف نے ان نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ ڈی جی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 91 زائرین، رائے ونڈ قرنطینمہ میں 41 اور فیصل آباد قرنطینہ میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے مزید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں 159، گجرات 86، راولپنڈی میں 46، جہلم میں 28 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ باقی کیسز صوبے کے دیگر علاقوں میں سامنے آئے۔

بعد ازاں ترجمان نے 8 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 748 ہوگئی ہے۔

چند گھنٹے بعد قیصر آصف نے مزید 97 کیسز کے اضافے سے متعلق بتایا جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 845 ہوگئی۔

دوسری جانب یکم اپریل کو ہی راولپنڈی میں کورونا وائرس سے ایک اور شخص انتقال کرگیا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوارالحق نے مذکورہ موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ 85 سال شخص 21 مارچ کو برطانیہ سے واپس آیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مریض کا انتقال گزشتہ رات کو ہوا لیکن ان کے نتائج آج آئے جو مثبت تھے۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انتقال کرجانے والے شخص کا تعلق گجر خان سے تھا اور ان کی تدفین وہیں کی جائے گی۔

ادھر لاہور کے میو ہسپتال میں 30 مارچ سے داخل 35 سالہ مریضہ بھی جاں بحق ہوگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ مرحومہ کورونا وائرس کے ساتھ جگر کے عارضے میں بھی مبتلا تھیں۔

سندھ:-
سندھ میں بھی آج ایک اور مریض مہلک وائرس کا شکار ہوگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے جسے 19 مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ آج انتقال کرگیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا مریض حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا جسے دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا تھا۔

سندھ میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد709 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے۔

صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے بتایا کہ آج کورونا سےمتاثرہ 3 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 55 ہوگئی ہے جن میں سے 29 کراچی، ایک حیدرآباد اور سکھر میں 23 مریض صحتیاب ہوئے۔

وزیرصحت سندھ نے بتایا کہ اس وقت کراچی میں کورونا وائرس کے307 متاثرین، حیدرآباد میں 128، جیکب آباد اور دادو میں ایک ایک مریض زیر علاج ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سکھر قرنطینہ میں 265 اور لاڑکانہ قرنطینہ مرکز میں 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت ہے جبکہ سکھر قرنطینہ میں 23 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

اب تک کورونا وائرس سے سندھ میں اموات کی تعداد 8 ہے اور یہ تمام ہلاکتیں کراچی میں ہی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مزید دو ہفتے لاک ڈاؤن جاری رکھیں گے، لاک ڈاؤن سے ہلاکتوں میں کمی ہوئی: اسد عمر

بلوچستان:-

ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کورونا وائرس سیل بلوچستان کے ترجمان نے صوبے میں مزید 6 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 164 ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں ایک روز میں مزید 17 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا:-

خیبر پختونخوا میں یکم اپریل کو کورونا وائرس کے باعث مزید 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ایک شخص بنوں جبکہ دوسرا نوشہرہ میں جاں بحق ہوا، یوں صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی۔

دوسری جانب صوبے میں کورونا کے مزید 23 کیسز بھی سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 276 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان:-

گلگت بلتستان میں آج بروز بدھ کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 184 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات گلگت بلتستان کا کہنا ہےکہ علاقے میں 36 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 183 ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نگر میں 16،کھرمنگ 10،اسکردو 6 اور شگر میں 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس طرح مشیر اطلاعات اور سرکاری پورٹل کے کیسز میں ایک نمبر کا فرق ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ گلگت میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں 84 خواتین شامل ہیں جب کہ 67 کیسز کے ساتھ ضلع نگر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے ایک وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ہیں جب کہ ایک کا تعلق محکمہ صحت سے تھا۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 6 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر:-
آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی۔

آزاد کشمیر کے وزیر صحت نے کیسز کی تصدیق کی جب کہ ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود نے بتایا کہ کورونا کے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر سے ہے جن میں سے ایک 12 سال کی بچی اور ایک برطانیہ سے آنے والا شہری وائرس میں مبتلا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تراڑ کھل سندھوتی میں بھی ایک شخص میں کوروناکا ٹیسٹ مثبت آیاہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں