33

پرائڈ آف پرفارمنس معروف کامیڈین امان اللہ اب ہم میں نہیں رہے

لاہور(ویب ڈیسک) طویل عرصے سے گردوں اور پھیپڑوں کے عارضے میں مبتلا پاکستان کے نامور اداکار و کامیڈین امان اللہ لاہور میں انتقال کرگئے۔

70 سالہ کامیڈین امان اللہ کو چند ماہ قبل گردوں اور سانس کی تکلیف کے باعث لاہور کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پرائڈ آف پرفارمنس کا اعزاز حاصل کرنے والے 70 سالہ امان اللہ اسٹیج کے پرانے اداکاروں میں سے ایک ہیں اور انہیں طویل عرصے تک اسٹیج ڈراما کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

وہ ‘خبرناک’ نامی کامیڈی شو میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں جبکہ مذاق رات جیسے مزاحیہ شو کا حصہ بھی رہے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں یہ خبریں بھی وائرل ہوئی تھی کہ امان اللہ کو گردوں اور سانس کی تکلیف کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

اس دوران ان کے انتقال کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

جبکہ امان اللہ کی بیٹی زرغون امان اللہ نے ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے والد کے انتقال کی خبروں کی تردید کی تھی۔

واضح رہے کہ امان اللہ کو پاکستان میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کا بانی قرار دیا جاتا ہے، اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح موجود ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں