45

اداکارہ ماہرہ خان دنیا کی خوبصورت ترین خواتین کی فہرست میں شامل

ٹوکیو(ویب ڈیسک) عالمی ویب سائٹ اسٹائل کریزنے دنیا کی خوبصورت ترین خواتین کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 18 ویں نمبر پر ہیں۔

خواتین کی خوبصورتی، فٹنس اورصحت کے حوالے سے مشہور عالمی ویب سائٹ اسٹائل کریز نے دنیا کی 52 خوبصورت خواتین کی فہرست جاری کی ہے جس میں 2019 میں حسینہ عالم کا تاج سرپرسجانے والی زوزی بینی تنزی، سپر ماڈل بیلا حدید اورانجلینا جولی کے ساتھ اداکارہ ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔

میگزین نے خواتین کی فہرست جاری کرتے ہوئے لکھا ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیئے کہ خوبصورتی کسی شخص کی صرف جسمانی صفات نہیں ہے بلکہ ظاہری خوبصورتی کے علاوہ بھی خوبصورتی ہوتی ہے۔ ایسی چیز جو آپ کی روح سے آتی ہے، خوبصورتی دراصل وہ روشنی ہے جو آپ کے اندر چمکتی ہے اور یہ آپ کی شخصیت میں ہے۔ یہاں دنیا بھر کی ان خواتین کی فہرست مرتب کی جارہی ہے جنہوں نے اپنے کام کے ذریعے مقام حاصل کیا۔

فہرست میں پہلے نمبرپر2019 میں مس ورلڈ کا تاج سر پر سجانے والی جنوبی افریقا کی خاتون زوزی بینی تنزی ہیں۔ زوزی بینی سے جب پوچھا گیا کہ موجودہ دور میں وہ کیا اہم ترین چیز ہے جو ہمیں نوجوان لڑکیوں کو سکھانی چاہیے تو انہوں نے اس خوبصورت جواب کے ساتھ سب کے دل جیت لیے کہ مجھے لگتا ہے موجودہ دور میں ہمیں نوجوان لڑکیوں کو جو سب سے اہم چیز سکھانی چاہیے وہ ہے قیادت۔ معاشرے میں اپنی جگہ لینے اور خود کو مستحکم کرنے سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان نے فہرست میں اٹھارہویں پوزیشن حاصل کرکے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق ماہرہ خان نہ صرف پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ ہیں بلکہ ان کا شمار سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز عاطف اسلم کے ساتھ فلم ’’بول‘‘ کے ذریعے کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں