39

میدان سیاست اور مذہبی ہم آہنگی۔۔۔۔ شعورمیڈیا نیٹ ورک

ازقلم: محمد احمد نواز

پی ایچ ڈی اسکالر (میڈیا اسٹڈیز)

دنیا کے ہر مذہب نے پیار ،محبت اور امن کے ساتھ مل جل کر رہنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ہر مذہب مسلک یہی درس دیتا ہے کہ تمام مذاہب اور مسالک معاشرہ کی بنیادی اور اہم اکائیاں ہیں، ایک پُرامن معاشرہ انہیں اکائیوں سے ہی تشکیل پاتا ہے۔ ایک دوسرے کی رائے کا احترام اور برداشت معاشرہ میں قیام امن کے لئے بے حد ضروری ہے۔ وہ برداشت مسلک کی بنیاد پر ہو یا مذہب کی بنیاد پر، ایک پر امن معاشرہ کے لئے ضروری ہوتی ہے۔

سیاست کے میدان میں ہم نے دیکھا کہ جیکب آفتاب جو مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں لیکن پچھلے 25 سالوں سے اپنے علاقہ کی عوام کی بلا تخصیص مذہب ،مسلک، رنگ و نسل خدمت کر رہے ہیں۔ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں کی مذہب سے بالاتر ہوکر خدمت کرتے ہیں ۔وہ تین مرتبہ ممبر ضلع کونسل رہ چکے ہیں اپنے ضلع کی عوام کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ جیکب آفتاب کا کہنا ہے کہ مذہب کبھی خدمت کے جذبہ میں میری رکاوٹ نہیں بنا اور نہ ہی میں نے کبھی مذہب کو مدنظر رکھ کر خدمت کی ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے پاس مسائل کے حل کے لیے تمام مذاہب مسالک اور برادریوں کے لوگ آتے ہیں نہ کبھی ان کو ایسا محسوس ہوا ہے کہ میں ان کے مذہب سے نہیں ہوں اور نہ ہی مجھے کبھی ایسا لگا ہے کہ علاقہ کے لوگ جو دوسرے مذہب سے تعلق رکھتے ہیں وہ مجھ سے مذہب کی بنیاد پر دور ہوئے ہیں۔

ہمارے ہاں مکمل طور پر مذہبی ہم آہنگی ہے اور ہم باہم مل جل کر ایک ساتھ اٹھتے بیٹھتے، کھاتے پیتے اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں ۔ یہاں تک کہ ایک دوسرے کے مذہبی پروگراموں میں بھی جاتے ہیں

جیکب آفتاب کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ کام کرنے والے تمام اراکین ضلع کونسل مجھ سے محبت کرتے ہیں کبھی کسی نے مذہب کی بنیاد پر مجھ سے قطع تعلقی نہیں کی ۔ جیکب کے ساتھ کام کرنے والے ایک کونسل رکن محمد رمضان نے بتایا کہ تمام ممبران مذہبی اور فرقہ وارانہ تعصب کے بغیر مل کر علاقے کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں مکمل طور پر مذہبی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ہماری علاقائی سیاست تمام تر مذہبی، مسلکی و دیگر تعصبات سے پاک ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے تمام تر مسائل بلاتخصیص مذہب ،مسلک اور برادری حل ہوتے ہیں۔

ہم ایک دوسرے کے مسلک، مذہب، برادری، زبان اور رائے کا احترام کرتے ہیں اور یہی پرامن معاشرہ کی تشکیل کا اہم جز ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں