47

سوشل میڈیا پرسابق بیوی کو ‘بندریا’ کہنے والے شخص کو بھاری جرمانہ

ابو ظہبی (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں اہلیہ کو طلاق دینے کے بعد ’بندریا‘ کے کیپشن کے ساتھ اُن کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے شوہر پر 20 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ایک شہری نے ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث اپنی بیوی کو طلاق دیدی، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد شوہر نے سابق بیوی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا کہ تم بندریا ہو اور بندری میرے گھر میں نہیں رہ سکتی۔ میرے گھر سے چلے جاؤ۔

بیوی نے ہتک آمیز جملوں پر اپنے سابق شوہر کیخلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے شواہد کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے شوہر کو 20 ہزار جرمانے کی ادائیگی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بیوی کی تصاویر شیئر کرنے کے جرم میں شوہر کا موبائل فون ضبط کرتے ہوئے خاتون کے عدالتی اخراجات بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ شوہر کی سابق اہلیہ سے متعلق پوسٹوں کا مقصد خاتون کی ساکھ کو نقصان پہنچانا، انہیں بدنام کرنا اور شہرت کو داغدار بنانا تھا۔ قبل ازیں اماراتی شہری نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میں نے اپنی سابق بیوی کی کوئی بے عزتی نہیں کی اور نہ ہی ایسا پیغام بھیجا جس سے تذلیل ہو۔

دوسری جانب پبلک پراسیکیوشن نے سابق شوہر کے وہ سارے پیغامات عدالت کے سامنے پیش کیئے جن میں مطلقہ کے ساتھ بدزبانی کی گئی تھی اور بے ہودہ الزامات لگائے تھے جس پر عدالت نے سابق شوہر کو مجرم قرار دیتے ہوئے جرمانہ عائد کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں