111

سعودی عرب کے ساحل پر ایرانی آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی

تہران (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ساحل پر سفر کرنے والے ایرانی آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی جب کہ ایرانی کمپنی کا دعویٰ ہےکہ ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی میڈیا کا کہناہےکہ حادثہ سعودی عرب کے شہر جدہ سے 60 میل کے فاصلے پر واقع پورٹ پر پیش آیا جہاں ایران کی نیشنل آئل کمپنی کے آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں آئل ٹینکر کے مین اسٹوریج ٹینکروں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث ٹینکروں سے تیل کا رساؤ شروع ہوگیا تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ایران کی نیشنل آئل کمپنی نے دعویٰ کیا ہےکہ آئل ٹینکر کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تاہم کمپنی کی جانب سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، گزشتہ ماہ سعودی عرب کی بڑی آئل فیلڈ پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے گئے جس کا الزام سعودیہ نے ایران پر لگایا البتہ ایران نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔

اس کے علاوہ امریکی حکام نے جون اور جولائی میں مشرق وسطیٰ کے ساحل میں دو آئل ٹینکروں پر حملوں کا الزام بھی ایران پر عائد کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں