41

کراچی: سولہ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق

کراچی(ویب ڈیسک) شہر میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے جس کے بعد رواں سال شہر میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 4 ہوچکی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کے مطابق متاثرہ 16 ماہ کی بچی حاشین ولد جہانزیب میں پولیو کی تصدیق ہوئی جو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن یونین کونسل نمبر2 کی رہائشی تھی، متاثرہ بچی کو بخار ہوا اور دائیں ٹانگ بھی کچھ متاثر ہوئی جس پر والدین بچی کو ڈاکٹر کے پاس لے گئے .

ٹیسٹ کے بعد پولیووائرس پایا گیا،بچی کے حفاظتی ٹیکوں کے کارڈ کے مطابق والدین نے پیدائش کے فوری بعد کی بی سی جی ویکسین کروائی تھی تاہم پولیو سے بچاؤکے قطر ے کتنے بار پلوائے اس کی معلومات حاصل کی جا رہی ہے، جس کے بعد کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں برس پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے، جس میں کراچی سے 4 جبکہ حیدرآباد سے 2، لاڑکانہ اور جامشورو سے ایک ایک پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ پولیو کا ایک کیس جعفرآباد بلوچستان اور ایک خیبرپختونخواہ سے بھی رپورٹ ہوا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال پاکستان میں اب تک وائلڈ پولیو وائرس ون (ڈبلیو پی وی ون) سے متاثرہ 72 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں بلوچستان سے 6، پنجاب سے 5، سندھ سے 8 اور خیبر پختونخوا سے 53 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں تاہم 2017 میں 8، 2018 میں 12 پولیو کے کیس رپورٹ ہوئے تھے.

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو نے رواں سال آئندہ ماہ نومبر کے مہینے سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا دورانیہ سات ماہ ہوگا جو ہر ماہ اور آئندہ سال جون تک جاری رہے گی جس کا مقصد ماحول سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ اور بچوں کو محفوظ بنانا ہے، ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے والدین سے اپیل کی ہے کہ پولیو ٹیموں سے بھر پور تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں