27

صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان میں عملی کام کیے ہیں: مشیر اطلاعات

گلگت (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی گزشتہ 5 سالہ صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کی ترقی کے 5 سال ضائع کر دئیے۔ اب جب مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں تعمیر و ترقی کے عملی منصوبے گلگت بلتستان کو دئیے ہیں تو یہ تلملا گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی والے اپنا وائٹ پیپر لے آئیں ہم تعمیر و ترقی کا گولڈن پیپر جاری کر دیتے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ جنہوں نے کچھ نہیں کیا وہ وائٹ پیپر پر عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو چاہیے کہ وہ ٹھیکوں اور ٹھیکیداروں پر سیاست کرنے کی بجائے صوبائی حکومت کی منصوبوں کو دیکھے جو گلگت بلتستان میں عوامی ترقی و خوشحالی کے ریکارڈ بنا رہی ہے۔

شمس میر نے کہا کہ ہینزل پاور منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے پیپلز پارٹی نے وہی رویہ اپنایا تھا جو انہوں نے حلقہ نمبر 1 میں امراض قلب کے ہسپتال کے ساتھ کیا تھا جس کی وجہ سے امراض قلب کا ہسپتال 10 سال نہ بن سکا مگر ہم نے پیپلز پارٹی کی سازش کو ناکام بنایا اور امراض قلب کا ہسپتال جٹیال میں تکمیل کے مراحل پر ہے جبکہ ہینزل پاور منصوبے کا آغاز ہم جلد کرکے دکھائیں گے اور پیپلز پارٹی کو اپنی سازشوں پر منہ کی کھانی پڑے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں