42

گلگت بلتستان: انتظامیہ کا عام انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنیکا فیصلہ

گلگت (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان میں عام انتخابات کو اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے جمعرات کے روز منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کا باقاعدہ اعلامیہ آج جاری ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنرراجہ شہباز کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں تحریک انصاف کے صدر سید جعفر شاہ، مسلم لیگ ن کے صدر حفیظ الرحمن، پیپلزپارٹی کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، بی این ایف کے نواز خان ناجی، اسلامی تحریک کے رہنما شیخ میرزا علی، جماعت اسلامی کے امیر مشتاق ایڈووکیٹ، اے پی ایم ایل کے کریم خان،جی بی قومی مومنٹ کے عبدالواحد، ق لیگ کے مشرف ظفر، جے یو آئی کے امیر مولانا عطاء اللہ شہاب،ایم ڈبلیو ایم کے ایڈووکیٹ کمیل، انسانی حقوق پارٹی کے ریاض احمد خان، اے این پی کے کلیم اختر، متحدہ دینی محاذ کے مولانا فراز حیدری اور عام آدمی پارٹی کے خالد نوید شریک ہوئے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں انتخابی شیڈول پربحث کی گئی ، کانفرنس میں شریک تمام جماعتوں نے الیکشن کو شیڈول کے مطابق ہی کرانے کا مطالبہ کیا تاہم چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے بتایا گیا کہ ابھی تک الیکٹرول لسٹیں تیار نہیں ہیں۔2015ء والی لسٹوں پربھی نظرثانی نہیں ہوسکی ہے، اگر پرانی لسٹو ں کے مطابق ہی الیکشن قبول ہے تو آج ہی الیکشن کرانے کو تیار ہیں ہماری تیاریاں مکمل ہیں.

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کیا کہ اب تک کیا کرتے رہے، سست روی کیوں اختیار کی گئی، ذمہ دار کون ہے؟ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ جب سے میں نے چارج سنبھالا ہے دن رات کام کررہاہوں لیکن کشمیر افیئرز اور حکومت کی جانب سے کوئی ریسپانس نہیں ملا، ہم چاہتے ہیں کہ ووٹر لسٹوں کو اپ گریڈ کیا جائے کیونکہ پانچ سال میں کئی ووٹر فوت ہو چکے ہیں اور کئی لوگوں کے شناختی کارڈ بھی بننے ہیں ،انتخابی فہرستوں کی تیاری ایک طویل عمل ہے جس کے لئے کم از کم ایک سو بیس دن درکارہیں ۔

انتخابی شیڈول سے متعلق استفسار پر چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ قانونی طور پر انتخابی شیڈول کا اعلان کرنا لازمی تھا اس لیے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے شیڈول کا اعلان کیا گیا، آخر میں اجلاس کے شرکاء کی اکثریت نے اکتوبر تک انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا اورکہا کہ اس سے زیادہ التوا کی شدید مخالفت کی جائے گی، ذرائع کے مطابق جمعرات کے وز ہونے والی اے پی سی کا اعلامیہ آج جاری ہوگا جس میں الیکشن کی تاریخ کو توسیع دینے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

جمعرات کے روز ہونے والی اے پی سی ان کیمرہ تھی، میڈیا کو نہیں بلایا گیا، خلاف توقع اے پی سی کا اعلامیہ بھی جاری نہیں ہوا۔یاد رہے کہ 2اگست کو الیکشن کمیشن جی بی نے باقاعدہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق انتخابی عمل 7جولائی سے شروع ہوا تھا اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 13جولائی سے 17جولائی مقرر کی گئی تھی اور 18اگست کو پولنگ ہونا تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں