4

رحیم یارخان: اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم، 18 افراد جانبحق متعدد زخمی

رحیم یار خان (ویب ڈیسک) ولہار ریلوے اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی جب کہ 60 سے زائد زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان بگٹی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ترجمان پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں اکبر ایکسپریس کی متعدد بوگیاں الٹ گئیں جب کہ حادثے میں اکبر ایکسپریس کے انجن کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا ہے، ٹرین میں سوار بیشتر مسافر سو رہے تھے، گاڑی کو حادثہ کانٹا تبدیل نہ کرنے کی صورت میں پیش آیا ہے، اسٹیشن والے اپنی ڈیوٹی نہیں کر رہے تھے ورنہ جانی نقصان نہیں ہوتا۔

عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ ہمیں اپنی مدد آپ ہی بوگیوں سے نکلنا پڑا، حادثہ پیش آنے کے کافی دیر بعد ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تھی۔

حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اب تک 58زخمی مسافروں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق ٹرین حادثہ سگنل سسٹم کی خرابی کے باعث پیش آیا، ولہار کے اسٹیشن ماسٹر نے اکبر بگٹی ایکسپریس کو مین لائن کا گرین سگنل دیا، اسٹیشن کا سگنل عملا لوپ لائن پر ہی رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں