29

پاکستانی معیشت کے لیے اچھی خبر، قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

دوحہ (ویب ڈیسک) قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری اعلان کیا ہے۔

قطر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی ہدایت پر قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان میں تین ارب قطری ریال کی سرمایہ کاری اعلان کیا جو ڈپازٹ اور ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کی صورت میں ہوگی۔

قطری نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا کہنا ہےکہ دونوں ممالک کے درمیان 9 ارب ڈالرز کی شراکت داری ہو گی۔

دوسری جانب مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے قطر کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلان پر شکریہ ادا کیا۔

البتہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے 3 ارب قطری ریال کی بجائے 3 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی اطلاع دی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی امیر قطر کی جانب سے براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹ کے لیے 3 ارب ڈالرز دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی گزشتہ ہفتے دو روزہ دورے پر پاکستان آئے اس دوران پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں