23

لاہور ہائی کورٹ: خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ خادم حسین رضوی اور سابق رہنما پیر افضل قادری کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم علی خان اور جسٹس اسجد جاوید پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ٹی ایل پی کے رہنماؤں کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

عدالت عالیہ نے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کو ضمانت کے عوض 5، 5 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے دلائل مکمل ہونے پر 8 مئی کو درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یاد رہے کہ ضمانت سے متعلق درخواستوں کی آخری سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے پولیس کو خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے خلاف ثبوت پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

یاد رہے کہ یکم مئی کو تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے بانی پیر افضل قادری نے صحت کی خرابی کے باعث پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ٹی ایل پی کی جانب سے 25 نومبر 2018 کو بطور یوم شہدا منانے کے اعلان کے بعد حکومت نے پیر افضل قادری کو نومبر میں ہی دہشت گردی اور بغاوت کے الزامات کے تحت ‘حفاظتی تحویل’ میں لے لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں